واشنگٹن( مانیٹرنگ ڈیسک )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں اپنی سرکاری رہائش وائٹ ہائوس میں ظہرانہ دیا اور کہا کہ پاک فوج کے سربراہ سے ملاقات ان کے لئے باعث اعزاز ہے۔ملاقات میں دونوں راہنمائوں نے اسرائیل ایران بحران سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ایک سوال کے جواب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان (کے فیلڈ مارشل عاصم منیر) ایران کو اچھی طرح بلکہ بہت اچھی طرح جانتے ہیں اور وہ اسرائیل ایران تنازعہ پر خوش نہیں ۔
ایسا نہیں کہ اسرائیل کے ساتھ ان کے تعلقات اچھے ہیں،حقیقت میں وہ دونوں کو جانتے ہیں بلکہ شاید وہ ایران کو زیادہ بہتر جانتے ہیں اور وہ صورتحال کو دیکھ رہے ہیں اور وہ ( فیلڈ مارشل عاصم منیر )مجھ سے متفق ہیں۔میرے ان کو یہاں بلانے کی وجہ یہ تھی کہ میں اس بات پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا تھا کہ انہوں نے (بھارت کے ساتھ ) جنگ سے گریز کیا اور جنگ ختم ہو گئی۔امریکی صدر نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی اس کا کریڈٹ دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات ان کے لئےباعث اعزاز ہے۔ واضح رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر پاک فوج کے پہلے سربراہ ہیں جن کو امریکی صدر کی طرف سے وائٹ ہائوس میں ظہرانہ دیا گیا ہے جو امریکا کے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو فروغ دینے میں دلچسپی کو اجاگر کرتا ہے۔