سعودی عرب ،بیرون ملک سے عمرہ ویزے کے لئے براہ راست درخواست کی سہولت متعارف

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک )سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نےمملکت کے باہر سے عمرہ ویزے کے لئے براہ راست درخواست کی سہولت متعارف کراتے ہوئے ’’نسک عمرہ‘‘سروس کا آغاز کر دیا العربیہ اردو نے وزارت حج و عمرہ کے حوالے سے بتایا کہ اس سروس کے تحت مملکت سعودی عرب سے باہر کے عمرہ زائرین کو ویزا حاصل کرنے اور ان کے سفر سے متعلق خدمات کی بکنگ کے لئے براہ راست درخواست دینے کے قابل بناتی ہے، ان سہولیات کا حصولhttps://umrah.nusuk.sa/ پلیٹ فارم کے ذریعے ممکن ہوگا نسک عمرہ سروس مملکت سے باہر سے عمرہ کے خواہشمند افراد کے لئے نیا آپشن ہے، دیگر آپشنز بھی موجود ہیں جیسا کہ عمرہ زائر ملک میں اہل ایجنٹس کے ذریعے بھی درخواست جمع کرا سکتا ہے، ان ایجنٹس کو نسک عمرہ پلیٹ فارم کے ذریعے معلوم کیا جا سکتا ہے۔ یہ نئی سروس مکمل پیکج یا علیحدہ خدمات کا انتخاب کرنے کی اجازت دیتی ہے، ان سروسز میں ویزا، رہائش، ٹرانسپورٹ، معلوماتی دورےاور معاون خدمات شامل ہیں۔

اس میں جدید انٹرفیس کے ذریعے پیکج کو ان کی خواہشات اور ضروریات کے مطابق ڈیزائن کرنے کی بھی سہولت ہے جو سات زبانوں میں موجود ہے اور متعلقہ سرکاری نظاموں کے ساتھ مربوط ہے۔ اس سروس کا مقصد ایک متحد اور ہموار ڈیجیٹل تجربے کو یقینی بنانا ہے یہ سروس مختلف طبقوں کے لئےمتعدد ادائیگی کے اختیارات فراہم کرتی ہے جو عمرہ زائر کو درخواست دینے سے لے کر داخلہ ویزا حاصل کرنے تک تمام اقدامات کو الیکٹرانک طور پر مکمل کرنے کے قابل بناتی ہے۔ اس میں پیکج اور خدمات کے متنوع اختیارات بھی شامل ہیں جو مختلف ضروریات اور خواہشات کو پورا کرتے ہیں وزارت حج و عمرہ نے اس بات پر زور دیا کہ نسک عمرہ سروس کا آغاز مملکت کے ” ویژن 2030 “ کے اہداف کو حاصل کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو آسانی اور سہولت کے ساتھ حج اور عمرہ کی رسومات ادا کرنے کے قابل بنانا اور اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنا ہے۔