یو اے ای میں ہوائی اڈوں پر ہنگامی صورتحال اور بحران سے نمٹنے کیلئے نیا ضابطہ جاری

ابوظہبی (مانٹرنگ ڈسک) امتحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (جی سی اے اے) نے ہوائی اڈوں پر ہنگامی حالات اور بحرانوں سے نمٹنے کے لیے ایک نیا جامع ضابطہ جاری کر دیا ہے جسے “سِول ایوی ایشن ریگولیشن برائے ایئرڈروم کرائسز مینجمنٹ ” کا عنوان دیا گیا ہے،اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق یہ ضابطہ نہ صرف ایئرپورٹس پر بحران سے نمٹنے کے موجودہ طریقہ کار کو جدید خطوط پر استوار کرے گا بلکہ اس کے ذریعے بروقت تیاری، مؤثر ردِعمل اور بحالی کے مراحل کو بھی مربوط انداز میں منظم کیا جا سکے گا،حکام کا کہنا ہے کہ یہ ضابطہ روایتی ردعمل پر مبنی ماڈل سے ہٹ کر ایک جامع، مربوط اور کارکردگی پر مبنی حکمت عملی کی جانب ایک اسٹریٹجک پیش رفت ہے۔جی سی اے اے کے ڈائریکٹر جنرل سیف محمد السویدی نے کہاکہ یہ نیا ضابطہ متحدہ عرب امارات کے ایوی ایشن سیکٹر میں فعال قیادت کے عزم کا مظہر ہے، اب ہمارے ہوائی اڈے نہ صرف بہتر طریقے سے بحرانوں کا سامنا کر سکیں گے بلکہ ان سے مزید مضبوط اور ہم آہنگ ہو کر ابھریں گے۔

حکام کے مطابق یہ ضابطہ عالمی سطح پر وبائی امراض، قدرتی آفات اور دیگر پیچیدہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک نیا معیار قائم کرتا ہے، ضابطے میں جامع بحران منصوبہ بندی، اداروں کے مابین رابطہ، تسلسل کے ساتھ تربیت اور روزمرہ امور میں خطرے پر مبنی فیصلوں کے انضمام کو لازمی قرار دیا گیا ہے،انجینئر عقیل الزرعونی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل برائے ایوی ایشن سیفٹی افیئرز نے بتایا کہ یہ ضابطہ ملک کے ہوائی اڈوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ تفصیلی مشاورت کے بعد تشکیل دیا گیا ہے، جس کی بدولت یہ قابل عمل اور قابل توسیع دونوں خصوصیات رکھتا ہے،انہوں نے مزید کہا کہ یہ قدم مستقبل کی ضروریات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے اٹھایا گیا ہے جو کہ متحدہ عرب امارات کے ہوائی اڈوں کو عالمی سطح پر لچکدار، محفوظ اور مستحکم نظاموں کی صف اوّل میں لا کھڑا کرے گا۔ماہرین کے مطابق یہ اسٹریٹجک پیش رفت متحدہ عرب امارات کی بطور عالمی ایوی ایشن حب حیثیت کو مزید تقویت دے گی اور عالمی ریگولیٹرز اور آپریٹرز کے لیے ایک ماڈل فریم ورک کے طور پر سامنے آئے گی۔