جزیرہ بہاماس سے گوئٹے مالا سٹی کیلئے اُڑان بھرنے والا بین الاقوامی کارگو کمپنی ڈی ایچ ایل کا بوئنگ طیارہ فنی خرابی کی وجہ سے واپس لینڈ کرنے کے دوران رن وے سے پھسل کر تباہ ہوگیا تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
رپورٹس کے مطابق غیر ملکی کارگو کمپنی ڈی ایچ ایل کے رجسٹریشن HP-2010DAE کے حامل بوئنگ 757 طیارے نے جزیرہ بہاماس کے سان جوزے ائیرپورٹ سے گوئٹے مالا سٹی کے لیے مقامی وقت کے مطابق صبح 09:34 بجے اُڑان بھری۔
روانگی کے 8 منٹ بعد طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی جس پر کنٹرول ٹاور نے پائلٹ کو واپس سان جوزے ائیرپورٹ پر ہی لینڈ کرنے کی ہدایت کی۔ لینڈنگ کی تیاری کے دوران طیارہ ائیر پورٹ کے مغرب میں 20 منٹ تک فضا میں چکر کاٹتا رہا۔
کارگو طیارہ ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران مرکزی رن وے پر پھسل کر دور جا گرا اور جہاز کم از کم دو ٹکڑوں میں تقسیم ہوگیاجس کے بعد ائیرپورٹ کا ہنگامی امداد کا عملہ فوری طور پر پہنچا۔
اس دوران طیارے سے دھواں نکلنا شروع ہوا مگر فائر بریگیڈ کے عملے نے مسلسل کولنگ کرنے کا عمل جاری رکھا۔ رپورٹ کے مطابق اس دوران طیارے کے عملے کو بھائی بحفاظت نکال لیا گیا۔
واضح رہے کہ اسی کارگو کمپنی کا طیارہ چند ماہ قبل لاہور ائیر پورٹ کے رن وے پر ٹائر پھٹ جانے کی وجہ سے حادثے سے دوچار ہوا تھا۔