قاہرہ(مانیٰٹرنگ ڈیسک )عرب لیگ نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں شہری رہائشی علاقوں پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ قطر ی اخبار دی پیننسولا قطر کے مطابق عرب لیگ نے گزشتہ روز جاری بیان میں واضح کیا ہے کہ اسرائیلی حملہ ریاستِ قطر کی خودمختاری کی صریح اور ناقابلِ قبول خلاف ورزی ہے۔
قطر وہ ملک ہے جو غزہ میں جاری جنگ کے آغاز سے ہی مصر اور امریکا کے ساتھ مل کر جنگ بندی کے لئے ثالثی کی کوششیں کر رہا ہے اور اس نے جنگ کے خاتمے کے لئے سنجیدہ اور مسلسل کوششیں کی ہیں۔ عرب لیگ نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف ریاستِ قطر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے تمام اقدامات کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
عرب لیگ نے بیان میں اس امر پر زور دیا کہ اسرائیلی طرزِ عمل بین الاقوامی اصولوں اور عالمی قوانین کی تمام حدود سے تجاوز کر چکا ہے اور اب یہ بین الاقوامی برادری کی واضح ذمہ داری ہے کہ وہ ایک ایسے ریاستی طرزِ عمل کا مؤثر طور پر مقابلہ کرے جو قانون کی دھجیاں اڑا رہا ہے اور اپنے قابلِ مذمت اقدامات کے نتائج کو یکسر نظرانداز کر رہا ہے۔