موسم گرما کے دوران بیرونی سیاحوں کی تعداد 32 ملین، ان کے اخراجات کا حجم 53.2ارب ریال رہا،سعودی وزارت سیاحت

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک )سعودی عرب کی وزارت سیاحت نے کہا ہے کہ موسم گرما کے دوران شعبے کی کارکردگی ریکارڈ رہی،بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کی تعداد سالانہ بنیاد پر 26 فیصد بڑھ کر 32 ملین (3 کروڑ 20 لاکھ) تک پہنچ گئی جبکہ ان کی جانب سے 53.2ارب ریال کے اخراجات کیے گئے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہیں۔

خبررساں ادارے ایس پی اے نے وزارت سیاحت کے حوالے سے بتایا کہ رواں سال موسم گرما کے دوران 3 کروڑ 20 لاکھ غیر ملکی سیاحوں کی آمد ہوئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 26 فیصد زیادہ ہیں۔بیرونی سیاحوں کی جانب سے کیے جانے والے اخراجات کا حجم 53.2 ارب ریال رہا جو سالانہ بنیاد پر 15 فیصد زیادہ ہے۔

وزارت کا کہنا ہے کہ مملکت کے جنوبی علاقے عسیر نے خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے ممالک سے آنے والے سیاحوں کی تعداد میں 49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا۔واضح رہے کہ سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے جون میں ’سعودی سمر‘ پروگرام کا افتتاح ایک ورکشاپ کے دوران کیا تھا جس کا عنوان ’اپنے موسم گرما کو رنگین بنائیں‘ رکھا گیا ۔ اس پروگرام کے تحت جدہ، بحیرہ احمر، طائف، الباحہ اور عسیر سمیت 6 مختلف مقامات پر سیاحت کو فروغ دیا گیا۔پروگرام کی نمایاں سرگرمیوں میں ای سپورٹس ورلڈ کپ اور جدہ و عسیر سیزن شامل تھے جنہوں نے لاکھوں مقامی و غیرملکی سیاحوں کو متوجہ کیا۔

وزارت سیاحت نے کہا ہے کہ سیاحتی سرگرمیوں کو سال بھر جاری رکھنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں اور اس وقت سعودی ونٹر سیمن کی تیاریاں کی جاری ہیں جس میں مزید عالمی تقریبات اور سیاحتی تجربات شامل ہوں گے۔