ابوظہبی میں گلوبل ریل 2025 نمائش و کانفرنس کا آغاز

ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک )ابوظہبی میں گلوبل ریل 2025 نمائش و کانفرنس کا آغاز ہو گیا۔ اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق گلوبل ریل 2025 نمائش اور کانفرنس کا آغاز منگل کو ابوظہبی کے ایڈنیک سینٹر میں ہوا جو 2 اکتوبر تک جاری رہے گی، اس بین الاقوامی ایونٹ میں دنیا بھر سے بھرپور شرکت دیکھنے میں آ رہی ہے جس میں 20 سے زائد وزارتی وفود، سرکاری و نجی شعبے کے اعلیٰ رہنما، مقررین اور 100 سے زائد قومیتوں کے شرکاء شامل ہیں۔

اس سال نمائش کا موضوع “نقل و حمل اور عالمی رابطے کا مستقبل” رکھا گیا ہے جس کا مقصد مختلف ممالک کے درمیان جدید ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون اور اختراع کو فروغ دینا ہے۔تین روزہ ایونٹ کے دوران 20,000 سے زائد بین الاقوامی زائرین کی آمد متوقع ہے جہاں اسٹریٹجک مکالمے، منصوبہ جات کی نمائش اور تکنیکی مہارتوں کا تبادلہ کیا جائے گا۔نمائش چار بڑے ہالز پر مشتمل ہے، جس میں 14 مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 200 سے زائد کمپنیاں اور برانڈز شرکت کر رہے ہیں۔

ان میں انفراسٹرکچر، رولنگ اسٹاک، ڈیجیٹل جدت، مالیاتی خدمات اور اسمارٹ موبیلیٹی جیسے شعبے شامل ہیں۔اس سال کی نمائش میں 70 سے زائد کمپنیاں پہلی بار شرکت کر رہی ہیں، جب کہ 11 سے زیادہ قومی ریلوے آپریٹرز بھی اپنی موجودگی درج کرا رہے ہیں۔