قطر، ترکیہ اور مصر نے غزہ جنگ بندی معاہدے کو ممکن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ

نیو یارک (ویب ڈیسک ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ہم نے غزہ میں جنگ ختم کروادی، امید ہے کہ خطے میں اب دیرپا امن قائم ہوگا ، امریکی صدر نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جنگ بندی معاہدے پر دستخط کے لیے مصرجا رہے ہیں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ قطر، ترکیہ اور مصر نے غزہ جنگ بندی معاہدے کو ممکن بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا،ان تمام ممالک کے شکر گزار ہیں ، امریکی صدر نے کہا کہ میں نے اب تک 7 جنگیں روکوائیں اور یہ 8ویں جنگ ہے جس کا خاتمہ ممکن ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی معاہدے پر دستخط مصر میں ہوں گے، اور اس کے بعد غزہ کی تعمیرِ نو کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے گا ، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران پر حملہ اس معاہدے کو ممکن بنانے کے لیے ضروری تھا، تاہم اب ایران امن پر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔امریکا ایران کے ساتھ تعاون کریگا تاکہ خطے میں استحکام لایا جا سکے ، انہوں نے بتایا کہ یرغمالیوں کی رہائی پیر یا منگل تک متوقع ہے، جواس امن عمل کا پہلا عملی نتیجہ ہوگی۔