بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھ پور میں عید سے قبل پرچم لہرانے پر فرقہ وارانہ فسادات شروع ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چاند رات کو مسلمانوں کی جانب سے عید کی مناسبت سے اپنا جھنڈا لگانا تھا جب کہ اسی جگہ ہندو تہوار پرشورام جینتی کے سلسلے میں ہندوؤں نے بھی اپنا جھنڈا لگانے کی ضدکی، جس پر دونوں گروپوں میں جھگڑا شروع ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے رات کو ہی معاملہ سلجھا دیا گیا تھا تاہم آج صبح عید کی نماز کے بعد مختلف علاقوں میں ہندو مسلم فسادات شروع ہوگئے، پولیس نے مشتعل افراد پر لاٹھی چارج کیا اورآنسو گیس کی شیلنگ بھی کی۔
جودھ پور کے متاثرہ علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے اور شہربھر میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے، حساس علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، پولیس نے ہنگاموں میں ملوث متعدد افراد کو حراست میں لینےکا دعویٰ کیا ہے۔