اسلام آباد (نیوز رپورٹر) کشمیر جرنلسٹس فورم (کے جے ایف) نے ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال (اے این ٹی ایچ) کے ساتھ ممبران اور ان کی فیملیز کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیے۔
اس معاہدہ کے تحت بیماریوں سے بچاو کی آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی۔مفاہمتی یاداشت پر اے این ٹی ایچ کی ڈائریکٹر ڈاکٹر اریج نیازی، ہسپتال کے شعبہ کمیونیکیشن کے سربراہ عمران علی غوری، جبکہ کشمیر جرنلسٹس فورم کی جانب سے صدر خاور نواز راجہ اور جنرل سیکرٹری عقیل انجم نے دستخط کیے۔
اس موقع پر کے جے ایف کے فنانس سیکرٹری اعجاز خان، جوائنٹ سیکرٹری عابد ہاشمی، سیکرٹری اطلاعات اقبال اعوان، ممبران گورننگ باڈی عامر ہاشمی، غلام بنی کشمیری اور سردار اخلاق بھی موجود تھے۔
اس مفاہمتی یاداشت کے مطابق ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کی طرف سے کے جے ایف کے ممبران اور ان کی فیملیز کو لیبارٹری اور ریڈیالوجی ٹیسٹوں، ایگزیکٹو چیک اپ، نرسنگ/فزیوتھراپی اور ڈینٹل سروسز خصوصی رعایت دی جائے گی۔
امراض دل، سی سیکشن آپریشن، نارمل ڈیلیوری، بلڈ بینک، آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ (اوپی ڈی) خدمات، ایمرجنسی کیئر سمیت دیگر بیماریوں اور پیچیدہ سرجریز کے لئے بھی با رعایت خدمات دستیاب ہونگی۔کشمیر جرنلسٹس فورم کے وفد نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اس موقع پر وفد کو ہسپتال کے شعبہ کمیونیکیشن کے سربراہ عمران علی غوری نے بریفنگ دی اور ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والے طبی سہولیات، جدید ترین ٹیکنالوجی اور آلات کے حوالے سے بتایا۔
اس موقع پر کشمیر جرنلسٹس فورم کے صدر خاور نواز راجہ نے ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولیات اور خدمات پر چیرمین ڈاکٹر غلام اکبر خان نیازی، سی ای او یاسر نیازی اور ڈاکٹر اریج نیازی کی خدمات کو سراہا
اور انہوں نے کے جے ایف کے ممبران کو طبی سہولیات کی فراہمی کی مفاہمتی یاداشت پر ڈاکٹر اریج اور عمران علی غوری کا شکریہ اداکیا۔عمران غوری نے فورم کو میڈیا کے ذریعے بیماریوں سے بچاو کے لئے ہسپتال کے ساتھ آگاہی مہم چلانے کی دعوت دی۔
ڈاکٹر اریج نیازی نے کہا کہ صحت اللہ پاک کی ایک انمول نعمت ہے، ایک صحت مند انسان ہی صحت مند زندگی گزار سکتا ہے۔ صحت کی سہولت کی فراہمی ہر انسان کا بنیادی حق ہے، انسانیت کی خدمت ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متوسط طبقہ کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ہمارا مقصد ہے بلا امتیاز و بلا تفریق ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال طبی خدمات کا فریضہ سرانجام دے رہاہے۔ کشمیر جرنلسٹس فورم نے اپنے ممبران کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلیے جو اقدام اٹھایا وہ قابل تحسین ہے،کے جے ایف کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔