اسلام آباد (نامہ نگار) استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے بھارتی جارحیت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن نے رات کی تاریکی میں بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظفرآباد، کوٹلی اور بہاولپور میں نہتے شہریوں، معصوم بچوں اور عبادت گزاروں کو نشانہ بنایا، لیکن پاکستان کی بہادر مسلح افواج نے بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے دشمن کے 6 جنگی طیارے تباہ کر دیے اور اس کی اہم عسکری تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنا کر واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنے دفاع سے کبھی غافل نہیں۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ مسجدوں کے سائے میں بم گرانا، بے گناہوں کی جان لینا اور شہری آبادی کو نشانہ بنانا صرف کمزور اور خوفزدہ دشمن کی پہچان ہے۔ بھارت کی یہ کارروائی اس کی اخلاقی دیوالیہ پن اور عسکری بوکھلاہٹ کی غماز ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ طاقتور وہ ہے جو دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر جواب دے، اور پاکستانی افواج نے جس جرات، مہارت اور سرعت کے ساتھ دشمن کو جواب دیا ہے، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ مودی سرکار کا مکروہ چہرہ آج پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ پاکستان اپنے بے گناہ شہریوں کے خون کو ہرگز فراموش نہیں کرے گا اور ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کا چپہ چپہ ہمارے شہداء کے خون سے مقدس ہے اور اس سرزمین کی حفاظت ہم اپنی جانوں پر کھیل کر کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، ہمہ وقتی تیاری اور بھرپور ردعمل نے دشمن کو پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان نہ صرف اپنی سرحدوں کا دفاع جانتا ہے بلکہ جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا بھی۔ بھارتی قیادت کو اب یہ حقیقت تسلیم کر لینی چاہیے کہ پاکستان ایک زندہ قوم ہے، جس کا ہر سپاہی، ہر شہری مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور وطن کی حرمت و سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ دشمن کو جان لینا چاہیے کہ یہ قوم فولاد کا عزم رکھتی ہے، اور جب بات مادرِ وطن پر آنچ کی ہو، تو ہر فرد محافظ بن جاتا ہے۔