میرپور(سٹاف رپورٹر)فتح مبین ریلی، پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی – دربار عالیہ کھڑی شریف سے میرپور چوک تک فضا “پاکستان زندہ باد” کے نعروں سے گونج اٹھی ، سجادہ نشین دربار عالیہ کھڑی شریف، صاحبزادہ میاں محمد عمر بخش کی قیادت میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے “فتح مبین ریلی” نکالی گئی، جو دربار عالیہ کھڑی شریف سے شروع ہو کر میرپور چوک تک پہنچی۔ریلی میں اہلیانِ میرپور کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ دربار عالیہ کھڑی شریف کے ہزاروں مریدین نے شرکت کی۔ شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاک فوج کے حق میں پرجوش نعرے لگا رہے تھے۔ “پاکستان زندہ باد” اور “پاک فوج پائندہ باد” کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔
یہ ریلی حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران پاکستان کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے اور شاندار کامیابی پر جشن منانے کے طور پر نکالی گئی۔ مقررین نے اپنے خطابات میں پاک افواج کو جرات، بہادری اور وطن سے بے مثال محبت پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ، سجادہ نشین صاحبزادہ میاں محمد عمر بخش نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “پاک فوج ملک کا فخر ہے، اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ ہم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادرِ وطن کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کیے ریلی پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی اور عوام نے قومی اتحاد اور عسکری قوت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔