پولیس چارسدہ کا تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن، عوامی سہولت اور ٹریفک نظام کی بہتری کی جانب اہم قدم

چارسدہ (کرائم رپورٹر) شہریوں کو ٹریفک کی روانی میں درپیش مسائل کے حل اور فٹ پاتھوں کو پیدل چلنے والوں کے لیے بحال کرنے کے مقصد کے تحت، ٹریفک پولیس چارسدہ نے تحصیل بازار میں تجاوزات کے خلاف ایک منظم اور بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز کیا ، آپریشن ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ سلیمان ظفر کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لایا گیا، جس کی نگرانی ڈی ایس پی ٹریفک ولایت خان، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز گل ولی خان، اور ڈی ایس پی سٹی زرداد علی خان نے کی۔

آپریشن کے دوران بازار کی مختلف شاہراہوں اور اہم مقامات پر فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم غیر قانونی ریڑھیوں، تھڑوں، اور دیگر رکاوٹوں کو ہٹا دیا گیا۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا ہے بلکہ پیدل چلنے والوں کو محفوظ گزرگاہ فراہم کرنا بھی ہے، اس دوران پولیس حکام نے دکانداروں کو آخری وارننگ دیتے ہوئے واضح کیا کہ آئندہ تجاوزات کی صورت میں ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں جرمانہ اور سامان کی ضبطگی شامل ہے،ٹریفک پولیس چارسدہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عوامی راستوں پر قبضے سے گریز کریں اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ عوامی تعاون کے بغیر ایک منظم اور محفوظ ٹریفک نظام کا قیام ممکن نہیں۔