سیلاب متاثرین کی امداد میں متحرک تنظیمیں اور مخیر حضرات کا کردار لائق ستائش ہے،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

پشاور( سٹاف رپورٹر )گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد میں متحرک تنظیمیں اور مخیر حضرات کا کردار لائق ستائش ہے ،متاثرین سیلاب کو امداد کی فراہمی اور بحالی میں فیضان گلوبل ریلیف فاونڈیشن کا کردار قابل ستائش رہا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف جی ار ایف کے زیر اہتمام ڈیرہ اسماعیل خان کے 61 سیلاب متاثرین میں امدادی چیک کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا ، تقریب سے دعوت اسلامی کی مرکزی شوریٰ کے ممبر الحاج یعفور رضا عطاری اور خیبرپختونخوا کے ذمہ دار سلیم عطاری نے بھی خطاب کیا ،

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ گذشتہ سیلاب میں سب سے زیادہ متاثر علاقہ میں خیبرپختونخوا کا ضلع ڈیرہ اسماعیل خان شامل تھا، ہمیں کوہ سلیمان کا سیلابی پہاڑی پانی متاثر کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے متاثرین کی امداد پر میں ایف جی ار ایف کا مشکور ہوں جنہوں نے کچھ نہ کچھ حصہ ڈالا ، میں گزشتہ روز این ڈی ایم اے کے ہیڈکوارٹر گیا جہاں بتایا گیا کہ اس مرتبہ سیلاب کی شدت کا اندیشہ ہے۔

پوری قوم مشکل میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتی ہے آپریشن بنیان المرصوص کی مثال لے لیں ہم سے ہر لحاظ سے زیادہ وسائل کے حامل ملک کو اللہ کی مدد سے ہماری فوج نے 78 گھنٹوں میں عبرت ناک شکست دی اور پوری قوم اپنے افواج کے شانہ بشانہ تھی ، انہوں نے دعوت اسلامی کی فلاح وبہبود اور میڈیا کے ذریعے اصلاحی کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔