خیبر پختونخوا میں 27 جون سے اب تک بارشوں، تیز آندھی، فلش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ میں 21 افراد جاں بحق ، 10 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے

پشاور(سٹاف رپورٹر )پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا کی جانب سے بارش، سیلاب/فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث صوبہ میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ اتوار کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا میں 27 جون سے اب تک ہونے والی بارشوں، تیز آندھی اور فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث حادثات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 21 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 7 مرد ، 5 خواتین اور 9 بچے جبکہ زخمیوں میں 6 مرد، 3 خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بارش کے باعث مجموعی طور پر 57 گھروں کو نقصان پہنچا جس میں 51 کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ 6 مکمل طور پر منہدم ہوئے۔ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، ایبٹ آباد، چترال لوئر، بونیر، صوابی،کرم، چارسدہ، ملاکنڈ، شانگلہ، دیر لوئر اور تورغر میں پیش آئے۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ ضلع سوات رہا جس میں 14 افراد جاں بحق اور 6 افراد زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بارشوں کا سلسلہ یکم جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی سے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ جاری کیا ہوا ہے۔

اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے تمام ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اور امدادی اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔