گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے یہاں ملاقات کی۔پیر کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق سعودی سفارتخانہ میں ہونے والی ملاقات میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے معرکہ حق ، آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے پر خیبرپختونخوا کے باسیوں کی جانب سے سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پرگورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ امت مسلمہ کی بہبود ، ترقی کے حوالہ سے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا ،امت مسلمہ کو ان پر فخر ہے۔

انہوں نے ولی عہد محمد بن سلمان کے سعودی عرب کی ترقی اور امت کے لئے قائدانہ اور مثالی کردار ادا کرنے کی سوچ کے حامل ویژن 2035 کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ملاقات میں سعودی عرب میں مقیم خیبرپختونخوا کے باشندوں کے کردار اور ان کے مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر خیبرپختونخوا نے کنگ سلمان ریلیف سنٹر کی جانب سے صوبہ میں امدادی سرگرمیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

سعودی عرب کے سفیر نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے جذبات و احساسات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے پیپلز پارٹی کے شہید بانی ذوالفقار علی بھٹو کے کردار کو اسلامی ممالک قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے سوات سانحہ پر گورنر سے دلی افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے بارے میں سعودی حکومت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔