اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر )حریت رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی دھمکی عالمی امن کیلئے خطرہ ہے،بھارت کی عالمی سطح پر پروپیگنڈہ مہم بے نقاب ہو چکی ہے، کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو دنیا کے سامنے لائیں گے۔منگل کو مسلم یوتھ یونیورسٹی میں کشمیر ایکسیشن ڈے پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کی دھمکی عالمی امن کیلئے خطرہ ہے،بھارت کی عالمی سطح پر پروپیگنڈہ مہم بے نقاب ہو چکی ہے ، مشعال حسین نے کہا کہ بھارت کی آرمی اب نظریاتی آرمی بن چکی ہے،گودی میڈیا نے جعلی ویڈیوز سے بھارتی عوام کو گمراہ کیا۔مشعال ملک نے کہا کہ ہر الیکشن سے پہلے بھارت فالس فلیگ آپریشنز کرتا ہے،اڑی، پلوامہ، پٹھان کوٹ مثالیں ہیں،آر ایس ایس بھارت کے اندر ایک متوازی دہشت گرد فوج بن چکی ہے،کشمیر و پاکستان کو دنیا سے سوال کرنے کا وقت آ گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم یوتھ یونیورسٹی میں کشمیر کی جدوجہد پر سیمینار کا انعقاد کرنے پر خراج تحسین پیش کرتی ہوں،کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو دنیا کے سامنے لائیں گے۔ حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ سیز فائر عارضی ہے یہ مکمل سیز فائر نہیں ہے،بھارت کی جانب سے آج بھی بلوچستان میں دہشتگری کی جا رہی ہے،کشمیر کے بغیر پاکستان کبھی مکمل ہو ہی نہیں سکتا۔انہوں نے کہا کہ ایران اور اسرائیل کا سیز فائر بھی مکمل نہیں بلکہ کچھ عرصے کا ہے،عالمی دنیا کشمیر اور غزہ میں جب تک انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس نہیں لیتی تب تک مکمل سیز فائر ممکن نہیں.