پشاور(سٹاف رپورٹر )خیبرپختونخوا میں بارشوں سے 9بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔ پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق خیبرپختونخوا میں بارشوں سے دو روز میں 9بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہو گئے، بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث جاں بحق افراد میں 9 بچے، 3 خواتین اور 1 مرد شامل ہے جبکہ ان واقعات میں 2 بچے اور 1 خاتون زخمی بھی ہوئی ہے۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث اب تک مجموعی طور پر 19 گھروں کو نقصان پہنچا، جس میں 17 گھروں کو جزوی اور 2 گھر مکمل منہدم ہوئے، یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، بونیر ، باجوڑ، تورغر، کوہستان اپر، مردان، کرم، ہری پور،مانسہرہ، چترال اپر، ملاکنڈ اور شانگلہ میں پیش آئے، جبکہ شدید بارشوں کا موجودہ سلسلہ 25 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق پہلے ہی سے موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کے لئے مراسلہ ارسال کر دیا گیاتھا،
تمام متعلقہ اداروں کو سیاحتی مقامات پر بند شاہراوں اور رابطہ سٹرکوں کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ہے، ادارے کی جانب سے تمام سیاحوں کو موسمی صورتحال سے آگاہ کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق پی ڈی ایم اے ، تمام متعلقہ ادارے ، امدادی ٹیمیں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 رابطے میں ہیں اور صورتحال پر توجہ مرکزی ہے ، پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر بھی مکمل طور پر فعال ہے۔ اس لئے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ، موسمی صورتحال سے آگاہی اور معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں