گورنر ہاؤس پشاور میں بنت حوا اچیومنٹ ایوارڈ تقسیم کی تقریب کا انعقاد

پشاور(سٹاف رپورٹر)گورنر ہاؤس پشاور میں بنت حوا اچیومنٹ ایوارڈ تقسیم کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔گورنر نے بنت حوا فورم کی جانب سے باصلاحیت خواتین میں ایوارڈز تقسیم کئے۔بنت حوا فورم کیجانب سے تعلیم،صحت، کھیل، ادب، صحافت،آئی ٹی، سائنس و سماجی شعبہ میں نمایاں خدمات انجام دینے والی خواتین کو ایوارڈ دئیے گئے۔

اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کر یم کنڈی نے ایوارڈ حاصل کرنیوالی خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ کے جنوبی اضلاع کی خواتین کیلئے بنوں میں پہلی ویمن یونیورسٹی قائم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سامنے لانے کیلئے پروگرام متعارف کرا رہے ہیں، خواتین معاشرتی و ملکی ترقی میں برابر کی شراکت دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے صوبہ کی خواتین کسی بھی شعبہ میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں، پشتون معاشرے نے ہمیشہ عورت کو عزت و قدر کا مقام دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے پیپلزپارٹی نے ہمیشہ قابل قدر اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو پوری دنیا میں پاکستانی خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں، انہیں دنیا بھر میں عزت و وقار، غیرت اور دلیرانہ قیادت کے نام سے یاد کیاجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو خودمختار کئے بغیر ترقی و خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، بحیثیت گورنر ویمن ایمپاورمنٹ میرے بنیادی ایجنڈے میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نے ملکر اپنی خواتین کو وہ عزت و توجہ دینی ہے جسکی وہ نہ صرف طلبگار ہیں بلکہ حقدار بھی ہیں