پشاور (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر زرتاج گل کی 11 اگست تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی گئی ہے تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے اداروں کو زرتاج گل کی گرفتاری سے 11 اگست تک روک دیا۔ زرتاج گل کو 1 لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہےعدالت نے کہا کہ زرتاج گل کو اے ٹی سی فیصل آباد نے 10 سال کی سزا سنائی ہے، وکیل کے مطابق درخواست گزار لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کرنا چاہتی ہیں، اے ٹی سی نے درخواست گزار کی غیرموجودگی میں سزا سنائی ہے۔
پشاور ہائی کورٹ نے کہا کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ درخواست گزار سزا یافتہ ہے، حفاظتی ضمانت کی حقدار نہیں، یہ طے شدہ قانون ہے کہ انصاف تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، آئین کے تحت ملزم کو شفاف ٹرائل اور اپنے دفاع کا حق حاصل ہےعدالت نے کہا کہ درخواست گزار نے عدالت کے سامنے سرنڈر کیا ہے، ہم یہ مناسب سمجھتے ہیں کہ لاہور ہائی کورٹ میں اپیل کا موقع دیا جائے، درخواست گزار کو لاہور ہائی کورٹ میں سرنڈر ہونے تک گرفتار نہ کیا جائے۔