خیبر پختونخواہ میں بارشوں اور سیلاب سے تباہی، 328 افراد جان بحق وزیر اعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کا ریسکیو آپریشن جاری

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخواہ اور شمالی علاقوں میں حالیہ شدید بارشوں، سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں 328 افراد جانبحق اور 143 زخمی ہو گئے ہیں۔ ملک بھر میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 344 اموات اور 148 زخمیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کو مکمل معاونت فراہم کرنا شروع کر دی ہے۔ این ڈی ایم اے کی ٹیم امدادی کاموں کی نگرانی اور معاونت کے لیے پشاور میں موجود ہے این ڈی ایم اے، پاک فوج اور مختلف فلاحی اداروں کے تعاون سے خیبر پختونخواہ کے متاثرہ علاقوں میں ایمبولینسز، جنریٹرز، کمبل، خیمے، ڈی واٹرنگ پمپس، راشن اور خشک دودھ سمیت دیگر امدادی سامان روانہ کیا جا چکا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق این ڈی ایم اے تمام متعلقہ سول و عسکری اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور جاری ریسکیو و ریلیف آپریشنز کی ہمہ وقت نگرانی کی جا رہی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے، پاک آرمی، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور مقامی رضاکار بھرپور انداز میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ادھر محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقہ جات میں آئندہ چند روز میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں اضافے کا خدشہ ہے این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں اور سیلاب کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کریں۔ خاص طور پر سیاح حضرات کو آئندہ 5 تا 6 روز شمالی علاقہ جات کا سفر نہ کرنے کی تلقین کی گئی ہےحکام نے واضح کیا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے الرٹ ہیں اور امدادی سرگرمیوں کو بھرپور انداز میں جاری رکھا جا رہا ہے۔