اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا دہشت گردی کے بعد اب سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہے،اوورسیز پاکستانی ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے،دہشت گرد مذاکرات سے انکاری، آپریشن کے سوا کوئی حل نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو برسلز میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، فیصل کریم کنڈی نے اوورسیز پاکستانیوں سے سیلاب متاثرین کی امداد کی اپیل کرتے ہوئےکہا کہ اوورسیز پاکستانی ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں،خیبرپختونخوا دہشت گردی کے بعد اب سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ہلال احمر کے ذریعے امداد براہِ راست متاثرہ اضلاع میں بھیج سکتے ہیں۔گورنر کے پی کے نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی نے خیبرپختونخوا میں تباہ کن سیلاب برپا کیے،بادل پھٹنے کی پیش گوئی محکمہ موسمیات بھی نہیں کرسکتا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کے بعد صوبہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے لڑ رہا ہے،صوبے کے حالات اب ایسے ہیں کہ آپریشن کے بغیر چارہ نہیں،روزانہ کی بنیاد پر فوجی اور پولیس جوان شہید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد صوبے میں بھتہ لیتے ہیں، وزیر اعلیٰ خود بھتہ دینے کا اعتراف کر چکے ہیں،دہشت گرد مذاکرات سے انکاری، آپریشن کے سوا کوئی حل نہیں،پیپلز پارٹی نے سوات آپریشن کر کے امن قائم کیا تھا۔گورنر نے کہا کہ پچھلی حکومت نے دہشت گردوں کو واپس لا کر آباد کیا،انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن ناگزیر ہے،پاک فوج بھارت کو تین دن میں شکست دے سکتی ہے تو دہشت گردوں کو بھی شکست دے سکتی ہے،دہشت گرد عوام کو ڈھال بنا کر کارروائیاں کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ڈرون کے ذریعے دھماکے کررہے ہیں،بھارت جنگ کے بعد پاکستان کی سفارتی اور سیاسی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے،معرکہ حق میں قدرت نے پاکستان کا ساتھ دیا،پاکستانی صحافیوں نے جنگ کے دوران بہترین اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بلاول بھٹو نے عالمی میڈیا پر پاکستان اور کشمیر کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا،بے نظیر بھٹو شہیدنے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دی، آج وہی ٹیکنالوجی بھارت کے خلاف ڈھال بنی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم امہ کا قائد ہے،ایران اسرائیل جنگ کے بعد ایرانی صدر شکریہ ادا کرنے اسلام آباد آئے،چین، آذربائیجان اور ترکیہ کے تعاون پر شکر گزار ہیں۔
گورنر کے پی کے نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات ہر سطح پر بڑھ رہے ہیں،بھارت سے جنگ کے بعد اوورسیز پاکستانیوں کا اعتمادمزیدبحال ہوا ہے،اوورسیز پاکستانی سرمایہ کاری، صنعت، زراعت، معدنیات اور سیاحت میں کردار ادا کریں ، ہلال احمر کے ذریعے گورنر ہاؤس سیلاب متاثرہ علاقوں میں سرگرم ہے،سندھ، پنجاب اور بلوچستان کی صوبائی حکومتیں تعاون کررہی ہیں،دوست ممالک بھی گورنر ہاؤس کے ذریعے امداد بھیج رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ کوشش ہے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی مکمل کی جائے۔واضح رہے کہ گورنرکے پی کے فیصل کریم کنڈی یورپی یونین کی کشمیر کونسل کی دعوت پر تین روزہ دورے پر بیلجیئم میں موجود ہیں جہاں وہ یورپی پارلیمنٹرین اور بیلجیئم حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔اس حوالے سے پاکستانی کمیونٹی نے فیصل کریم کنڈی کے برسلز دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ معرکہ حق کے بعد یورپی یونین میں پاکستان کو اہمیت کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے،سیاسی قائدین کا یورپی یونین کو اہمیت دینا پاکستان کے مفاد میں ہے.