پشاور(سٹاف رپورٹر) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پنجاب میں سیلابی پانی کے نقصانات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ متاثرین سیلاب کے غم میں پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا بھی سیلاب سے بری طرح متاثر ہوا ہے، انہوں نے سیلابی صورتحال میں پھنسے ہم وطنوں کی مدد میں مصروف افواج پاکستان ، پولیس اور دیگر انتظامی اداروں کو بھی خراج تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ پاکستان اور پاکستانی عوام کے تحفظ میں مثالی کردار ادا کیا ہے، انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم بحیثیت قوم متاثرین سیلاب کی امداد اور بحالی میں نہ صرف کردار ادا کریں بلکہ مستقبل میں ایسے نقصانات سے بچنے کےلیے جامع حکمت عملی اپنائیں اور اس پر عمل پیرا ہوں۔
