ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پر غیر قانونی کرنسی کاروبار کے خلاف کریک ڈاؤن، حوالہ ہنڈی میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

کوہاٹ(کرائم رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی خصوصی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف ملک بھر میں جاری کارروائیوں کے سلسلے میں ایف آئی اے کوہاٹ زون نے اہم پیش رفت کی ہے ایف آئی اے کے کمپوزٹ سرکل ڈی آئی خان کی ٹیم نے موثر کارروائیاں کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی کے نیٹ ورک میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عرفان خان اور عبدالمالک کے ناموں سے ہوئی ہے، جنہیں ڈی آئی خان کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔

کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 16 لاکھ 96 ہزار روپے نقدی برآمد کی گئی، جو کہ غیر قانونی کرنسی کاروبار کا حصہ تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ ملزمان سے موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی سے متعلق دیگر اہم شواہد بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمان برآمد ہونے والی رقم اور کاروبار کی نوعیت کے حوالے سے تسلی بخش وضاحت دینے میں ناکام رہے، جس کے بعد مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے حاصل شدہ شواہد کی روشنی میں نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں اور منسلک افراد کے خلاف بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے .