گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفد کے ہمراہ مدینہ منورہ کے دورہ کے دوران مسجد قباء میں حاضری دی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفد کے ہمراہ مدینہ منورہ کے دورہ کے دوران مسجد قباء میں حاضری دی۔ انہوں نے سنتِ نبویؐ کی پیروی میں وہاں نوافل ادا کئے۔

یاد رہے کہ مسجد قباء اسلامی تاریخ کی پہلی مسجد ہے جسے ہجرت کے بعد نبی کریمؐ نے اپنے دستِ مبارک سے تعمیر فرمایا تھا۔ بدھ کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے اس موقع پر پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لئے خصوصی دعا کی، خصوصاً خیبرپختونخوا میں پائیدار امن اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے بارگاہِ الٰہی میں دعا مانگی ، بعد ازاں گورنر فیصل کریم کنڈی نے وادی اُحد کا بھی دورہ کیا اور شہدائے اُحد کی یادگار پر حاضری دی۔ انہوں نے خاتم النبیینؐ کے جلیل القدر چچا اور اسلام کے عظیم جانثار حضرت امیر حمزہؓ کی قبر مبارک پر سلام عقیدت پیش کیا اور دعا کی۔ حضرت امیر حمزہؓ کو ’’سید الشہداء‘‘ اور ’’اسد اللہ‘‘ کے القابات سے یاد کیا جاتا ہے۔

غزوہ اُحد میں آپ نے بہادری کی عظیم مثال قائم کی اور اسلام کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا۔گورنر نے اس موقع پر اُحد کے دیگر شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ایمان و اسلام کے تحفظ کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رہتی دنیا تک امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ ہیں۔