اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے بدھ کو برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی گورنر ہاوس میں ملاقات کی گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا برطانوی ہائی کمشنر نے گورنر خیبرپختونخوا سے حالیہ سیلاب سے صوبہ میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس و دلی ہمدردی کا اظہار کیا گورنر خیبرپختونخوا نے ملک بھر میں سیلابی نقصانات پر برطانوی حکومت کی جانب سے امداد فراہمی پر برطانوی ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا ملاقات میں این ایف سی ایوارڈ، پاک افغان صورتحال، سکیورٹی چیلنجز اور گڈگورننس سے متعلق بھی گفتگو کی گئی گورنر خیبرپختونخوا نے برطانوی ہائی کمشنر کو صوبہ کے قدرتی وسائل پر سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا بیش بہا قدرتی وسائل کے باعث عالمی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش حیثیت کا حامل ہے، برطانیہ سمیت تمام دوست ممالک کو دوطرفہ تجارتی تعاون و سرمایہ کاری کیلئے خوش آمدید کہتے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبہ میں صنعتی و تجارتی ترقی، سرمایہ کاری کو فروغ دیکر حقیقی ترقی و خوشحالی کے منازل طے کر سکتے ہیں۔ صوبہ میں باصلاحیت نوجوانوں کی کوئی کمی نہیں ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم و کھیل کے میدان میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہوں، برطانوی حکومت کا خیبرپختونخوا بالخصوص ضم اضلاع کے باصلاحیت و ہنرمند نوجوانوں کیلئے مزید تعاون درکار ہے انہوں نے کہا کہ امن ترقی و خوشحالی کی بنیاد ہے، صوبہ میں پائیدار امن کیلئے وفاق و سکیورٹی فورسز مؤثر کارروائیاں کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ فاٹا انضمام کے بعد خیبرپختونخوا کی مجموعی آبادی میں اضافہ ہوا ہے، پاک افغان تعلقات اور دوطرفہ مسائل کا حل ملکی خارجہ پالیسی کے معاملات ہیں،پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا کے عوام اور افغان عوام کی ثقافت و اقدار مشترک ہیں۔