گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی اور خطے کے استحکام کے لیے ایک خطرہ ہے، ایسے اقدام معصوم جانوں کے لیے خطرہ ہیں اور ہمسایہ تعلقات کے روح کو کمزور کرتے ہیں۔

اتوار کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں گورنر نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے ہمیشہ ذمہ داری کے ساتھ تحمل اور عزم کے ساتھ طاقت کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ ہر انچ کے دفاع کے لیے ہمت، پیشہ ورانہ مہارت اور ثابت قدمی کے ساتھ پہرا دیتی رہیں گی۔

اس نازک موقع پر ہمیں سیاسی اختلافات سے اوپر اٹھ کر اپنے سکیورٹی اداروں کے ساتھ یکجا ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام اپنی بہادر افواج کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے ہیں اور انہیں مکمل حمایت حاصل ہے، ’’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘‘۔