پشاور(سٹاف رپورٹر )نو منتخب وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیرصدارت پہلا باضابطہ اجلاس پیر کے روز وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ پر پیشرفت، امن و امان کی صورتحال اور انسداد بدعنوانی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور پولیس کے دیگر اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ متعلقہ حکام کی طرف سے وزیر اعلیٰ کو صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گڈ گورننس روڈ میپ کا مقصد پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانا ہے،جو تین وسیع شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتا ہے۔
ان شعبوں میں پبلک سروس ڈیلیوری، امن و امان اور معیشت شامل ہیں،اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئےوزیر اعلی سہیل آفریدی نے کہا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہماری پارٹی کا سب سے اہم ایجنڈا ہے،کسی کو بھی کسی بھی قسم کے کرپشن کی اجازت نہیں ہوگی، جو کرپشن کرے گا اس کے خلاف سخت کاروائی ہوگی وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ سرکاری ملازم اور ہم سب عوام کے خادم ہیں، ہم اپنے عہدوں پر عوام کی خدمت کے لئے بیٹھے ہیں، اگر کسی سرکاری ملازم سے عوام مطمئن نہیں ہونگے تو وہ اپنے عہدے پر نہیں رہے گااس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ضم اضلاع کے لئے ٹرائبل میڈیکل کالج اور ٹرائبل یونیورسٹی آف ماڈرن سائنسز کے قیام کا اعلان کرتے ہوئےکہا کہ تمام ضم اضلاع میں ان کے کیمپیسز قائم کئے جائیں گے ۔