اطلاعات و نشریات کی وزیر مریم اورنگزیب نے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے اکہتر سال مکمل ہونے کے موقع پر ہفتہ کواسلام آباد میں چینی سفارتخانے کا دورہ کیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی سے نہ صرف پاکستان میں اقتصادی اور انسانی ترقی ہوئی ہے بلکہ اس دوستی نے علاقائی خوشحالی میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ چین نے ہر طرح کے حالات میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا اور تمام عالمی فورمز پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے۔
وفای وزیر نے، جنہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سفارت خانے کا دورہ کیا اس موقع پر اُن کا پیغام پڑھ کر سنایا اور اس کو ایک تاریخی دن قرار دیا۔اس موقع پر وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے اکہتر سال مکمل ہونے پر کیک بھی کاٹا۔سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد بھی اس موقع پر موجود تھی۔