عدالت نے مارگلہ کے جنگل میں آگ لگا کر ٹک ٹاک بنانے والی خاتون ٹک ٹاکر کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جنگل میں آگ لگا کر ٹک ٹاک بنانے والی خاتون ٹک ٹاکر ڈولی کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران تین دفعہ ملزمہ کو پکارا گیا لیکن ٹک ٹاکر عدالت میں پیش نہ ہوئیں۔
جج نے ملزمہ کے وکیل سے سوال کیا کہ ملزمہ کدھر ہے؟ جس پر ملزمہ کے وکیل نے بتایا کہ ملزم ادھر ہی ہے، میں نے ٹرانسفر کی درخواست دی ہے۔
جج نے وکیل کو ہدایت کی کہ ملزمہ کو عدالت میں پیش کیا جائے، عدالتی اہلکار نے 3 بار ملزمہ کو بلایا لیکن وہ پیش نہ ہوئیں۔
وکیل ملزمہ نے کہا کہ مقدمہ میں جو دفعات لگی ہیں وہ یہ عدالت سن ہی نہیں سکتی۔
ایڈیشنل سیشن جج عابدہ سجاد نے خاتون ٹک ٹاکر کے پیش نہ ہونے پر ان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔
درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد پولیس کی نفری ملزمہ کو گرفتار کرنے کے لیے کمرہ عدالت کے باہر پہنچ گئی جبکہ ملزمہ ٹک ٹاکر عدالت پیش ہونے کے بجائے وکیل کے چیمبرمیں چلی گئی۔