پنجاب حکومت نےگریٹر اقبال پارک لاہور میں جلسوں پر مکمل پابندی لگانےکا اعلان کردیا، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پابندی کی اصولی منظوری دے دی۔
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں انہیں بریفنگ دی گئی کہ پی ٹی آئی کے جلسے سے گریٹر اقبال پارک میں پودے اور گھاس تباہ ہوگئی تھی اور پارک کو تقریباً50 لاکھ روپےکا نقصان ہوا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تاریخی پارک کو جلسوں کے لیے استعمال کرنا کسی طور پر مناسب نہیں، انہوں نے پارک میں داخلہ فیس کی تجویزبھی مسترد کردی اورکہا کہ یہ غریب آدمی کا پارک ہے،کسی صورت داخلہ فیس عائد نہیں کریں گے۔
حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ خالی مقامات پر درخت، پودے اور گھاس لگانےکا کام جلد شروع کیا جائے، جنوبی پنجاب میں بھی خالی اراضی کی نشاندہی کرکے پودے لگانے کا پلان مرتب کیا جائے۔
انہوں نےجلو بوٹنیکل پارک میں بٹرفلائی ہاؤس بھی جلد فنکشنل کرنےکی بھی ہدایت کی اور کہا کہ سرکاری افسروں کے گھروں میں کام کرنے والے مالی فوری واپس بلائےجائیں۔