محکمہ موسميات نے ملک بھر میں مون سون میں معمول سے زيادہ بارشیں ہونے کی پیشگوئی کردی ہے۔رپورٹ کے مطابق، مون سون کا آغاز جون کے آخری ہفتے میں متوقع ہے جبکہ جون کے دوسرے ہفتے میں مون سون کے آغاز سے قبل بھی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
پنجاب اورسندھ میں معمول سے زیادہ مون سون کی بارشیں متوقع ہیں۔محکمہ موسميات کے مطابق، مون سون کے پہلے مرحلے کا یکم جولائی سے اگست کے وسط تک جارى رہنےکا امکان ہے جبکہ مون سون کا آخری مرحلہ اگست کے وسط سے ستمبر کے آخر تک جاری رہے گا۔
جولائی سے ستمبر کے دوران پاکستان میں 140 اعشاریہ 8 ملی میٹر بارش ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسميات کا یہ بھی کہنا ہے کہ مون سون کے دوران میدانی علاقوں، دریاؤں، ندی نالوں میں سیلاب آسکتا ہے جبکہ موسلا دھار بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لينڈ سلائيڈنگ کا خدشہ ہوگا۔
معمول سے زیادہ درجہ حرارت ہونے کی وجہ سے شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی شرح بڑھنے کا بھی امکان ہے۔