کراچی کے علاقے کورنگی میں این اے 240 کی نشست پر گزشتہ روز ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ ہوئی جس میں غیر سرکاری نتائج کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے محمد ابوبکر نے میدان مار لیا۔
اس ضمنی انتخاب میں 25 امیدوار میدان میں تھے جبکہ یہ نشست ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔
پولنگ کے دوران ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے واقعات بھی پیش آئے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
این اے 240 کورنگی کراچی 2 کے ضمنی الیکشن کے 309 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج آگئے جس کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے محمد ابوکر10683 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں جبکہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے شہزادہ شہباز ز10618 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
اس کے علاوہ مہاجر قومی موومنٹ کے رفیع الدین نے8349 اور پیپلز پارٹی کے ناصر رحیم کو 5240 ووٹ ملے جبکہ پاک سر زمین پارٹی کے شبیر قائم خانی نے 4782 ووٹ لیے۔