احتساب عدالت کے جج سیداصغر علی کی عدالت میں زیر سماعت وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ وغیرہ کے خلاف نوری آباد پاور پلانٹ میں مبینہ خرد برد سے ریفرنس

اسلام آباد(سی این پی)احتساب عدالت کے جج سیداصغر علی کی عدالت میں زیر سماعت وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ وغیرہ کے خلاف نوری آباد پاور پلانٹ میں مبینہ خرد برد سے ریفرنس میں نیب نے شریک ملزم کی بریت درخواست مسترد کرنے کی استدعا کردی۔گذشتہ روز سماعت کے دوران مراد علی شاہ اور دیگر عدالت پیش ہوئے،اس موقع پر ریفرنس کے شریک ملزم نیاز علی شیخ کی بریت کی درخواست پر نیب کی جانب سے جواب جمع کراتے ہوئے درخواست مسترد کرنے کی استدعا کی گئی، معاون وکیل نے کہاکہ نیاز علی شیخ کے وکیل سپریم کورٹ میں مصروف ہیں نہیں پیش ہو سکیں گے،دوران سماعت نیب کی جانب سے ملزم محمد علی کی پراپرٹی کی تفصیلات عدالت میں جمع کراتے ہوئے تفتیشی افسر حماد کمال نے کہاکہ ملزم محمد علی کی متعلقہ اتھارٹیز کی معلومات کے مطابق کوئی پراپرٹی نہیں، پراپرٹی کی لسٹ آگئی ہے، تمام اتھارٹیز کی جانب سے جواب آگئے ہیں اور کہا گیا کوئی پراپرٹی نہیں،عدالت نے کہاکہ آپ نے کہاں سے کس کس سے تفصیلات مانگی ہیں، کیا شناختی کارڈ کے ذریعے تفصیلات نکلوائیں ہیں،تفتیشی افسر نے بتایاکہ ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، نادرا، اور دیگر متعلقہ اداروں سے تفصیلات مانگی تھیں،استدعا ہے کہ ریفرنس میں شریک ملزم محمد علی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی جائے، عدالت نے ملزم کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کرتے ہوئےکیس کی سماعت 11 جنوری تک ملتوی کر دی۔