کراچی پولیس نے اشتعال انگیز تقریر کے کیس میں سابق وفاقی وزیر بابر غوری کو ضمانت پر رہا کردیا۔کراچی کی مقامی عدالت میں بابر غوری کے خلاف اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کےکیس کی سماعت ہوئی جس میں پولیس نے اپنی رپورٹ جمع کرائی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق بابر غوری کو بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری پرگرفتارکیا گیا تھا، ملزم کےخلاف 16 جولائی 2015 کو سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس نے اپنی رپورٹ میں بابر غوری کو رہا کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ ملزم بابر غوری کے خلاف ٹھوس شواہد نہیں ملے، افسران سے ملزم کو ضابطہ فوجداری کےتحت رہا کرنے کی منظوری لی ہے لہٰذا بابر غوری کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔
پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ ملزم سے تفتیش کی گئی ہے، ملزم کو متعدد امراض لاحق ہیں، ملزم بابرغوری شوگر، بلڈپریشر، امراض قلب کے مریض ہیں جب کہ ملزم کے گردے کافی کمزورہیں۔