لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھاربارش کا سلسلہ جاری ہے،نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے، گجرات میں مکان کی چھت گرنے سے 2 لڑکیاں جان کی بازی ہار گئیں۔
شدید بارشوں کے باعث گلیاں تالاب بن گئیں، کئی فٹ پانی جمع ہو گیا، بادل برستے ہی متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
لاہور کے بیشتر علاقوں میں رات سے ہی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہر میں سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 185 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
جیل روڈ پر 56، ایئرپورٹ 156، گلبرگ میں 60، لکشمی چوک میں 126، اپر مال 98، مغلپورہ 141 اور نشتر ٹاﺅن میں 101 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔
ادھر گجرات ڈنگہ روڈ پر بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی، میاں بیوی سمیت 8 افراد ملبے تلے دب گئے، ملبے کے نیچے آکر 2 لڑکیاں جان کی بازی ہار گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق میاں بیوی اور بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 16 سالہ عائشہ اور 14 سالہ مریم کے ناموں سے ہوئی ہے۔