ہاوسنگ اینڈ ورکس کے وفاقی سیکرٹری افتخار علی شلوانی کا کراچی میں وزارت کے مختلف منصوبوں کا معائنہ

اسلام آباد(سی این پی )وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس کے وفاقی سیکرٹری افتخار علی شلوانی وزارت کے مختلف منصوبوں کا معائنہ کرنے کے لیے کراچی کے دورے پر ہیں۔اپنے دورے کے دوران انہوں نے کراچی میں واقع وفاقی سرکاری اراضی پر تجاوزات کے حوالے سے چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت سے تفصیلی ملاقات کی۔ سیکرٹری ہاوسنگ نے تجاوزات کے مسئلے پر تشویش کا اظہار کیا ان سے اور اس مسئلے کو فوری اور موثر طریقے سے حل کرنے کی درخواست کی کیونکہ یہ بہت اہم معاملہ ہے۔ افتخار علی شلوانی نے چیف سیکرٹری سے سرکاری زمینوں پر تجاوزات کے خلاف سخت ایکشن لینے کی درخواست بھی کی جس پر انہوں نے معاملے کے حل کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس معاملے میں سخت کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

دریں اثناءفتخار علی شلوانی نے چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی کے ہمراہ مسجد طیبہ (باتھ آئی لینڈ) کا دورہ کیا۔ انہوں نے قصر ناز، کراچی کا بھی دورہ کیا اور دورہ کرنے والے سرکاری افسران کو بہترین طریقے سے سہولت فراہم کرنے کے لیے لاج کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ دورے کے دوران سیکرٹری ہاوسنگ نے کارلٹن ہوٹل کی اس جگہ کا بھی دورہ کیا جس پر ایگزیکٹو اپارٹمنٹس کی تعمیر کی تجویز دی گئی ہے۔ شلوانی کو پلاٹ کے کچھ حصوں پر جاری قانونی چارہ جوئی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ دی گئی ہدایات کے مطابق کیس کی باقاعدگی سے پیروی کریں اور جلد از جلد اس مسئلے کو حل کیا جائے۔