انسانیت سوز تشدد کیس میں متاثرہ طالبہ اور اس کے گھر والے نامعلوم مقام پر منتقل ہو گئے۔سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) فیصل آباد نے طالبہ اور اس کے اہل خانہ کو فوری سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا جبکہ کیس کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ افسران پر مشتمل تین رکنی کمیٹی بھی قائم کر دی گی ہے۔
سی پی او فیصل آباد عمر سعید ملک کے مطابق طالبہ تشدد کیس میں متاثرہ لڑکی اور اہل خانہ کو فوری طور پر سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ کیس کی تحقیقات کیلئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے قیادت میں تین رکنی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو کہ اپنی نگرانی میں تمام تفتیش مکمل کروائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ اس کیس میں تمام دستیاب وڈیوز کا فرانزک ٹیسٹ بھی کروایا جا رہاہے، ملزم کے گھر سے ملنے والے جدید اسلحے کی قانونی حثیت کو بھی چیک کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب اس کیس میں متاثرہ طالبہ اپنے اہل خانہ سمیت یونیورسٹی ٹاؤن سے نامعلوم مقام پر منتقل ہو گئی ہے۔