لاہور پولیس نے وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ اور رانا مشہود سمیت 12 لیگی رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے درخواست جمع کرا دی ہے۔
لاہور پولیس کی جانب سے مسلم لیگ ن کے 12 رہنماؤں کو گرفتار کرنے کی اجازت کے لیے مجسٹریٹ کو درخواست جمع کرائی گئی ہے۔
پولیس نے درخواست میں عطا تارڑ، رانا مشہود، اویس لغاری اور سیف الملوک کھوکھر سمیت دیگر لیگی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری مانگے ہیں۔
مجسٹریٹ کو جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہیں، ملزمان دانستہ طور پر پیش نہیں ہو رہے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش مکمل کرنی ہے لہٰذا ان کی گرفتاری کی اجازت دی جائے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور میں مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ اور رانا مشہود کے گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے تھے تاہم دونوں افراد گھر پر موجود نہ ہونے کی وجہ سے گرفتار نہیں ہو سکے تھے۔