پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے نجی ٹی وی ’بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ‘ کا لائسنس بحال نہ ہونے کے پیش نظر نشریات بند کرنے کا حکم دے دیا۔
پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ کی زیر صدارت اسلام آباد میں پیمرا اتھارٹی کا 174واں اجلاس ہوا جہاں لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ (بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ) کو جاری شدہ لائسنس سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ کا جاری شدہ لائسنسز 2017 میں منسوخ کیا گیا تھا کیونکہ وزارت داخلہ نے سیکیورٹی کلیئرنس نہیں دی تھی۔
پیمرا نے بتایا کہ عدالت میں سماعت کے دوران وکیل نے مؤقف اپنایا تھا کہ اگر وزارت داخلہ لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ کی سیکیورٹی کلیئرنس جاری نہیں کرتی ہے تو دونوں چینلز کی نشریات چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پیمرا کے اجلاس میں عدالتی حکم نامہ اور وزارت داخلہ سے جاری ہوئے مراسلوں سمیت تمام ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ کو فوری طور پر بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ کی نشریات بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
پیمرا نے بتایا کہ بول انٹرٹینمنٹ کے لائسنس کی 15 سالہ مدت دسمبر 2021 میں ختم ہوگئی تھی لیکن کمپنی نے لائسنس کی تجدی کے لیے پیمرا کو کوئی درخواست نہیں دی۔
قبل ازیں جنوری 2021 میں لاہور ہائی کورٹ کے ججوں کے خلاف ‘توہین آمیز’ بیانات نشر کرنے پر پیمرا نے بول نیوز کا لائسنس 30 روز کے لیے معطل کردیا تھا اور 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا تھا۔