جنوبی خیبر پختونخوا سے مزید ایک پولیو کیس کی تصدیق ہوئی ہے، 6 ماہ کے بچے کا تعلق جنوبی وزیرستان سے ہے، رواں سال پاکستان سے رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 19 ہو گئی۔
ترجمان انسداد پولیو پروگرام کے مطابق رواں سال 2 کیسز لکی مروت، 16 کیسز شمالی وزیرستان، ایک جنوبی وزیرستان سے رپورٹ ہوا ہے۔
خیبر پختونخوا میں پولیو وائرس پر قابو پانا پاکستان پولیو پروگرام کی ترجیح ہے، نئی حکمت عملی کے تحت بچوں کو ٹیکوں کے ذریعے پولیو ویکسین دی جارہی ہے جو لوگوں کے لیے زیادہ قابل قبول ہے۔
اس کے علاوہ ویکسین شدہ بچوں کو صابن دیا جارہا ہےاور ان علاقوں میں وائرس کی نگرانی کا نظام مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔
ترجمان انسداد پولیو پروگرام کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث صوبہ بلوچستان اور سندھ کے 23 اضلاع میں مہم نہیں ہوئی، جبکہ اگست کی پولیو مہم میں 33 ملین بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے گئے ہیں۔