وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان سے آج اسلام آباد میں پاکستان میں جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر انجینئر خرم دستگیر خان نے بہترین دوطرفہ تعلقات کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے اقتصادی اور سماجی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے جاپان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو سراہا۔
سفیر نے جاپان کے آنجہانی سابق وزیر اعظم شنزو ایبے کی تدفین کے موقع پرخرم دستگیر کی موجودگی پر اظہار تشکر کیا۔ مسٹر واڈا نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے دوران جاپان کے تعاون کا اعادہ کیا۔وزیر توانائی نے کہاکہ میں جاپان کے لوگوں کے حسن سلوک اور جذبہ سے متاثر ہوا، وہ جاپان میں پاکستانی سفارتخانے کو خطوط اور رقم بھیجتے رہے ہیں۔وزیر نے جاپانی سرمایہ کاری بالخصوص توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی تعریف کی۔
انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان کا توانائی کا شعبہ خاص طور پر قابل تجدید ذرائع میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔ جاپانی سفیر نے حکومت کے شمسی توانائی سے بجلی کی تیاری کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپانی کمپنیاں اس میں دلچسپی رکھتی ہیں۔جاپانی سفیر نے یاد دلایا کہ جاپانی حکومت پاکستان کے بجلی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کر رہی ہے اور یقین دلایا کہ جاپان پاکستان میں اپنے سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کرے گا۔