پاکستان ایران مشترکہ سرحدی کمیشن نے دوطرفہ تجارت بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔دونوں ممالک نے اسلام آباد میں کمیشن کے 24ویں سالانہ اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا۔
پاکستان ایران جوائنٹ بارڈر کمیشن نے بارڈر سیکیورٹی، انسانی اسمگلنگ اور منشیات کی روک تھام، سرحد کے دونوں جانب امن و امان کے قیام کے لیے باہمی تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے ہیں۔
کمیشن نے تجارتی سرگرمیوں میں اضافے، کھیلوں اور ثقافت اور تعلیمی وفود کے تبادلوں اور دیگر متعلقہ امور کے لیے تاجروں کو سہولیات کی فراہمی پر بھی اتفاق کیا۔
پاکستانی وفد کی قیادت چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کی جبکہ ایران کے وفد کی قیادت سیستان بلوچستان کے گورنر برائے امن و امان اور نفاذ علی رضا مرحمتی نے کی۔
مشترکہ سرحدی کمیشن کے دو روزہ سہ ماہی اجلاس میں وفود نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت کو بڑھانے اور آگے بڑھنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔