شہر قائد میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے شہری کو قتل کر دیا، شہریوں نے قتل میں ملوث ڈاکو کے فرار کی کوشش ناکام بنا دی اور اسے بھی قتل کر ڈالا۔پولیس کے مطابق کورنگی میں اظہر نامی شہری کے ساتھ ڈکیتی کی واردات ہوئی تو شور سن کر اس کے والد بھی گھر سے باہر آ گئے، اظہر نے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا، فائرنگ میں اظہر کے والد اور اسامہ نامی ایک نوجوان بھی زخمی ہوا تاہم اظہر ہسپتال میں چل بسا۔
شہری کے قتل میں ملوث ڈاکو نے فرار ہونے کی کوشش کی تو اہل علاقہ نے اسے پکڑ کر تشدد شروع کر دیا جس سے وہ ہلاک ہو گیا، ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ شہریوں کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت نہیں کی جا سکی تاہم پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور موٹر سائیکل برآمد کر لی ہے۔