جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کراچی کی عدالت نے مرحوم ایم این اے عامر لیاقت حسین کی بیوہ دانیہ شاہ کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی مکیش کمار نے مرحوم ایم این اے عامر لیاقت حسین کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ سنا دیا، گزشتہ سماعت پر عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
سماعت کے دوران عدالت میں ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ویڈیو کب کہاں بنائی گئیں پتہ نہیں چلا، ہمیں ریمانڈ نہیں دیا گیا تھا، جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ مکیش کمار نے کہا تھا کہ آپ کو 3 دن کا ریمانڈ تو دیا گیا تھا، آپ جیل میں جا کر بھی تفتیش کر سکتے تھے۔
فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے دانیہ شاہ کی درخواستِ ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کر دی تھی۔واضح رہے کہ دانیہ شاہ پر عامر لیاقت کی غیر اخلاقی ویڈیو وائرل کرنے کا الزام ہے، دانیہ ملک کے خلاف مرحوم عامر لیاقت کی صاحبزادی نے شکایت درج کروائی تھی