شہر قائد میں ڈاکو راج،وزیر اعلیٰ کا پروٹوکول افسر بھی لٹ گیا

صوبائی دارالحکومت کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں تھم نہ سکیں ، وزیراعلیٰ سندھ کے پروٹوکول افسر مہمانوں سمیت ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گئے ۔پولیس کے مطابق فیڈرل بی ایریا میں جوہر آباد تھانے کی حدود میں ڈاکوؤں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے پروٹوکول افسر مسرور وارثی کو کینیڈا سے آئے ہوئے مہمانوں سمیت لوٹ لیا۔

پولیس کے مطابق ڈاکوؤں نے نیو ایئر نائٹ کے موقع پر 2 موٹرسائیکلوں پر سوار 4 مسلح ڈاکوؤں نے گلی کے کونے پر مسرور وارثی اور ان کے مہمانوں سے لوٹ مار کی۔ڈاکوؤں نے قریبی چائے کے ہوٹل پر بیٹھے ایک درجن سے زائد افراد سے بھی موبائل فون، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا ۔

ایس ایچ او جوہرآباد انسپکٹر اے ڈی چودھری نے بتایا کہ واقعہ گزشتہ روز شام چار بجے پیش آیا۔پولیس کے مطابق متاثرین کی جانب سے جوہر آباد تھانے میں واقعے کی رپورٹ درج کروا دی گئی ہے، جس کے بعد اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرین سے رابطے میں ہیں ، جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا ۔

دوسری جانب شہر قائد میں ڈاکوؤں سے سکول بھی محفوظ نہ رہ سکے، ڈاکو سکول میں گھس کر اساتذہ سے لوٹ مار کرنے لگے۔کورنگی نمبر 5 میں واقع سکول میں دو ڈاکو داخل ہو گئے، ڈاکوؤں نے سکول میں موجود اساتذہ سے لوٹ مار کی، سکول میں اساتذہ کے ساتھ ان کے بچے میں موجود تھے، مسلح ملزمان سکول اساتذہ سے 3 موبائل فونز اور 2 لیپ ٹاپ لوٹ کر فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق سکول میں ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ عوامی کالونی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے، ڈکیتی کی یہ واردات 2 روز قبل رونما ہوئی، واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے کوشش جاری ہے۔