مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور کے گاؤں خیرپور سادات میں خاتون سے ناجائز تعلقات کے شبہے میں نوجوان کو مبینہ طور پر اغوا کرنے، اسے جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے اور پھر اس کی ناک کاٹنے میں ملوث 5 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔25 سالہ آصف مگسی کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان نے اسے علی پور تحصیل کے گاؤں گبر آرائیں سے اغوا کیا اور شدید جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ نوجوان کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ملزمان نے الزام لگایا کہ آصف مگسی کے ان کی رشتے دار خاتون سے تعلقات ہیں اور اس کی ناک کاٹ دی۔متاثرہ شخص کی جانب سے علی پور پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق 5 ملزمان فلک شیر، یوسف، عبدالستار، کلیم اللہ اور عبدالعزیز نے اسے بندوق کے زور پر اغوا کیا اور گبر آرائیں کے علاقے میں لے گئے جہاں انہوں نے تشدد کیا اور پھر چاقو سے ناک کاٹ دی۔زخمی نوجوان کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جب کہ تھانہ خیر پور سادات پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔