وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ نگران سیٹ اپ کو طول دینا سیاسی نہیں قانونی مسئلہ ہوگا، کل کا کوئی نہیں کہہ سکتا، حالات نارمل رہتے ہیں تو پنجاب میں 90 روز میں الیکشن ہوگا۔نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ جب بھی صدر اعتماد کا ووٹ مانگیں گے اسکا مثبت جواب دیا جائےگا، اتحادی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں، کسی قسم کا شک وشبہ نہیں، ملک میں عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، جب آئین میں کوئی قدغن نہیں تو سیاست بھی پیچھے رہ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا صدر جاری قومی اسمبلی سیشن میں اعتماد کے ووٹ کا کہہ سکتے ہیں؟، کوئی ہارڈ اینڈ فاسٹ رول نہیں کہ صدر 6 گھنٹوں میں اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں، اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے لئے مناسب وقت ضرور دیا جاتا ہے، ووٹ لینے کے لئے وقت کا تعین سپیکر اور قائد ایوان کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ عدالت نے وزیراعلیٰ پنجاب کواعتماد کا ووٹ لینے کے لیے تین ہفتوں کا وقت دیا، قائد مسلم لیگ ن اور وزیراعظم نے انتخابات کی بھرپور تیاریوں کی ہدایت کر دی ہے، ٹکٹوں کی تقسیم کے لئے پارلیمانی بورڈ بھی جلد تشکیل دے دیا جائے گا۔