ورلڈ اکنامک فورم نے 2023 کے ینگ گلوبل لیڈرز (وائی جی ایل) کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔ رواں سال کے ممبران میں سیاسی رہنما، جدید کاروباری افراد اور پُرجوش کارکنان سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔
مارٹن ڈاؤ گروپ کے چیئرمین علی اکھائی کو بھی سال 2023 کے لیے ینگ گلوبل لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ علی اکھائی سال 2023 میں پاکستان سے سب سے کم عمر ینگ گلوبل لیڈر ہیں۔
ہر سال، غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل نوجوان لیڈرز کے ایک قابل ذکر گروپ کو جو ثابت قدم، دور اندیش اور دنیا کو بہتر بنانے کا ٹریک ریکارڈ رکھتے ہیں، کو منتخب کرکے وائی جی ایل کمیونٹی کا حصہ بنایا جاتا ہے۔
اس کامیابی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے علی اکھائی نے کہا کہ میں وائی جی ایل کمیونٹی کا حصہ بن کر بہت خوش ہوں۔ میں اس پلیٹ فارم کو انسانیت کی خدمت اور عالمی برادری میں پاکستان کے بہتر امیج کو اجاگر کرنے کے لیے استعمال کروں گا۔
ینگ گلوبل لیڈرز کمیونٹی دنیا میں مثبت تبدیلی کے لیے وژن، ہمت اور اثر و رسوخ کے حامل غیرمعمولی افراد کی ایک متحرک کمیونٹی ہے۔
120 قومیتوں کے 1400سے زائد افراد وائی جی ایل کے ممبرز ہیں، جن میں شہری امور اور کاروباری اختراع کرنے والے، بزنس، ٹیکنالوجی کے علمبردار، ماہرین تعلیم، سماجی کارکن، فنکار، صحافی اور بہت سے دوسرے لوگ شامل ہیں۔
ورلڈ اکنامک فورم کے مشن کے ساتھ منسلک وائی جی ایل عالمی عوامی مفاد میں پبلک پرائیویٹ تعاون کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔ ہم اس یقین کے ساتھ متحد ہیں کہ آج کے اہم مسائل ہمیں بہتر مستقبل کی تعمیر کا موقع فراہم کرتے ہیں۔