وفاقی سیکرٹری وزارت ہاؤسنگ اینڈورکس افتخار علی شلوانی سے چائنا اسٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن لمیٹڈ (سی ایس سی ای سی) کے سی ای او چانگ چون ن ملاقات کی جسکے دوران پاکستان کے کم آمدن شہریوں کے لیے سستےمکانات کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں کچی آبادیوں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سلسلے میں ستمبر 2021 میں سی ایس سی ای سی اور وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے درمیان پہلے ہی مفاہمت کی ایک یادداشت ، ایم او یو پر دستخط ہو چکے ہیں۔ مذکورہ ایم او یو ایک سال تک موثر رہا۔ چانگ چون نے ایم او یو کی تجدید اور تعمیراتی شعبے اور ہاؤسنگ کو سی پیک کے دائرہ کار میں شامل کرنے کی درخواست کی۔
افتخار علی شلوانی نے کہا کہ حکومت پاکستان تعمیرات اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کی خواہاں ہے تاکہ ایسے میگا پراجیکٹس شروع کیے جائیں جن سے ملک میں روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے اور ان کے نتیجہ میں پاکستان کی معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہاؤسنگ اور شہری-دیہی ترقی کے شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا اعلان کیا۔ دونوں اطراف نے پاکستان میں محفوظ، مہذب اور سستی عمودی ہاؤسنگ منصوبوں کے ذریعے شہری تعمیر نو اور کچی آبادیوں کی اپ گریڈیشن کے لیے نئے ایم او یو پر کام شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔اجلاس میں وزارت قانون، اقتصادی امور ڈویژن، وزارت مواصلات اور وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔